پنجاب میں منشیات فروشوں کیخلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ

432

وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ منشیات کا کاروبار کرنیوالوں کیخلاف مشترکہ کارروائی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  سے وزیر انسداد منشیات اعجاز شاہ نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور منشیات خاتمے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات میں منشیات خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے پر اتفاق ہوا، منشیات کا کاروبار کرنیوالے عناصر کیخلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ منشیات کا کالا دھندا کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں، منشیات فروشی کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رہے گا، قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور رہیں گے۔

وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعجاز شاہ نے  کہا کہ منشیات کی خرید و فروخت کرنیوالے رعایت کے مستحق نہیں، منشیات کا دھندا کرنیوالوں کو گرفت میں لائیں گے، منشیات کا کاروبار کرنیوالوں کیخلاف مشترکہ کارروائی ہوگی۔