سکھر، بے امنی عروج پر ، چوری ، ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ

459

 

سکھر(نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے شہر میں بڑھتی ہوئی بے امنی، چوری، ڈکیتی، لوٹ مار کی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر اور تجارتی حب سکھر میں لوٹ مار کی وارداتوں کا روزانہ کی بنیاد پر ہونا معمول بن چکا ہے جرائم پیشہ عناصر سرے عام دکانداروں سے لوٹ مار میں مصروف ہیں اور پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے جس کے باعث تاجروں اور شہریوں میں شدید بے چینی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ حکومت اور پولیس کے اعلیٰ افسران شہر میں بڑھتی ہوئی لوٹ مار، ڈکیتی کی وارداتوں کا نوٹس لے کر جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع کرنے کیلیے اقدامات اٹھاکر تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر سیکرٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں حاجی غلام شبیر بھٹو، حاجی عبدالستار راجپوت، عبدالقادر شیوانی، محمد زبیر قریشی، شکیل قریشی، حافظ محمد شریف ڈاڈا، محمد رئیس قریشی، بابو فاروقی، ظہیر حسین بھٹی، محمد منیر میمن، عبدالباری انصاری، محمد شبیر میمن، جاوید کھوسو،احسان بندھانی،اعظم خان،سید محمد شاہ،محبوب صدیقی، طارق میرانی، ذاکر خان، ڈاکٹر سعید اعوان، محمد عامر سجاد، راشد خان، محمد نعمان، لالہ محب، امداد جھنڈیر، فخر الدین عباسیاور معراج وارثی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں سوسائٹی میں دکاندار کو لوٹ مار کی واردات کے دوران فائرنگ کر کے جاں بحق کر دیا جبکہ مارچ بازار سے بھی تاجر کو زدوکوب کر کے لاکھوں روپے لوٹ لیا اور اب مشن روڈ کے اہم اور مصروف ترین تجارتی مرکز سے بھی گن پوائنٹ پر دکاندار سے لوٹ مار کی واردات کے باعث تاجر اور شہری خود کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں، غریب آباد، صرافہ بازار سمیت دیگر تجارتی مراکز میں بھی ایسی وارداتیں رونما ہوچکی ہیں۔ جبکہ شہر کے تجارتی و رہائشی علاقوں میں بھی ڈکیتی، چوری، لوٹ مار،موٹر سائیکل چوری اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوچکا ہے پولیس ان ملزمان کو گرفتار کرنے میں تاحال ناکام نظر آرہی ہے، جس کے باعث تاجروں اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل چکا ہے۔ انہوں نے حکومت، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سکھر میں بڑھتی ہوئی لوٹ مار، چوری، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا نوٹس لے کر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور انداز سے کارروائی کر کے تاجروں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور شہر کے تجارتی مراکز میں پولیس گشت میں اضافہ کرکے پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ تاجروں میں پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے۔