اساتذہ کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو حقوق چھین لیں گے ، صادق جان

507

 

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت)حکومت نے اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے تو اپنے حقوق چھین کر لیں گے، تنظیم اساتذہ ، اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم اساتذہ پاکستان کے مرکزی صدر صاحبزادہ صادق جان ٹنڈوآدم میں مختلف اسکولوں اور کالجز میں منعقدہ اساتذہ کے استقبالیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تنظیم اساتذہ ایک ہمہ گیر تحریک ہے جو اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ان کو فرائض کی ادائیگی کی طرف بھی توجہ دلاتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں تا کہ ہماری نسل نو کی تعمیر میں اپنی بھر پور صلاحیتیں اور کردار ادا کریں تا کہ ہماری نسل جدید دور کے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں طلبہ کو نہ صرف زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے بلکہ انہیں نظریاتی طور پر بھی پختہ کرنا ہے۔ مرکزی صدر صاحبزادہ صادق جان نے کہا کہ پاکستان جس نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آیا تھا اسی نظریہ پر عمل کرنے پر اس ملک کی بقا اور فلاح وابستہ ہے انہوں نے نصاب تعلیم کو نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان سے متصادم کوئی پالیسی قبول نہیں کی جائے گی۔ قبل ازیں مرکزی صدر صاحبزادہ صادق جان نے نیو علی گڑھ کالج، ڈاکٹر ضیا الدین پرائمری اسکول، گورنمنٹ سندھی مین پرائمری اسکول اور گورنمنٹ مرزا قلیچ بیگ پرائمری اسکول کا دورہ کیا جہاں اساتذہ نے گل پاشی اور ہار پہنا کر شاندار استقبال کیا۔ مرکزی صدر کے ساتھ مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال ، گرینڈ ایمپلائز الائنس کے پی کے صدر محمد باچا شاہ، جوائنٹ سیکرٹری کے پی کے عبیداللہ، صوبائی صدر سندھ پروفیسر نصراللہ لغاری، سیکرٹری صوبہ پروفیسر رئیس احمد منصوری، ضلع سانگھڑ کے صدر سید عریف اللہ سیفی، سیکرٹری مالیات سندھ عبدالستار انصاری، سیکرٹری ضلع مشرف کریم، جوائنٹ سیکرٹری احمد بلال غوری، عبدالغفور انصاری،پروفیسر احمد جبران عزیز، مظفر علی بہلم اور جہانگیر اقبال بھی ان کے ہمراہ تھے۔