سندھ اوپن گالف چیمپئن شپ کا آج سے آغاز ہوگا، عارف عباسی

388

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) عربین سی کنٹری کلب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف علی خان عباسی نے کہا ہے کہ بغیر اسپانسر شپ کوئی بھی کھیل فروغ نہیں پا سکتا،سندھ اوپن گالف کے مقابلے دنیا میں پی ٹی وی نیٹ ورک کی لائف کوریج کی بدولت کھیل کو فروغ مل رہا ہے، میزبان عربین سی کنٹری کلب ملک آنے والے تمام گولفرز کو خوش آمدید کہتا ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب میں 22 ویں سندھ اوپن گالف چیمپئن شپ کے سلسلے میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ساتھ سندھ گالف ایسوسی ایشن کے صدر اسد آئی خان اور اسپانسر کے نمائندے بھی موجود تھے۔سندھ گالف ایسوسی ایشن کے صدر اسد آئی خان نے چیمپئن شپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 22ویں سندھ اوپن گالف چیمپئن شپ کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔چیمپئن شپ میں30 لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے، نوجوان گالفراحمد بیگ سندھ اوپن میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ 3روزہ چیمپئن شپ عربین سی کنٹری کلب کے خوب صورت گالف کورس میں منعقد کی جارہی ہے۔ اسد آئی خان نے کہا کہ سندھ اوپن پی جی ایف اور سندھ گالف کا کیلنڈر ایونٹ ہے جس کو ہم ’’ہوم آف دی سندھ اوپن ‘‘ بھی کہتے ہیں، ایونٹ میں ملک سے 125 گالفرز کی انٹریز موصول ہو چکی ہیں، ایمچر سے پروفیشنل کی طرف آنے والے نوجوان گالفر احمد بیگ سندھ اوپن کے دفاعی چیمپئن ہیں۔ شبیر اقبال، وحید بلوچ، مطلوب ،منیر احمد سمیت دیگر ٹاپ گالفرز بھی سندھ اوپن میں شریک ہونگے۔