گلگت بلتستان اسکاٹس نے الپائین اسکائی کپ جیت لیا

260

اسلام آباد (جسارت نیوز)گلگت بلتستان اسکاٹس نے نلتر میں منعقدہ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی الپائین اسکائی کپ اپنے نام کر لیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پی اے ایف اسکی ریزورٹ نلتر میں منعقدہ حالیہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی الپائین اسکائی کپ میں وقار جونیئر کی سلالم اور جائینٹ سلالم کیٹیگریز میں شاندار کاردگردگی کی بدولت گلگت بلتستان اسکاٹس نے الپائین اسکائی کپ جیت لیا۔ وہ دونوں کیٹیگریز میں بھرپور فارم میں نظر آئے اورایک طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ سلالم کیٹیگری میں سابقہ اولمپیئن پاک فضائیہ کے محمد عباس نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے طلائی تمغہ جیت لیا۔ اسی کیٹیگری میں گلگت بلتستان اسکاٹس کے وقار جونیئر نے چاندی جبکہ پاک آرمی کے نور محمد نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ جائینٹ سلالم کیٹیگری میں گلگت بلتستان اسکاٹس کا پلہ بھاری رہا جس میں وقار جونیئر کے طلائی تمغے کے علاوہ چاندی اور کانسی کے تمغے بھی گلگت بلتستان اسکاٹس کے سجاد احمد اور وقار عظیم نے اپنے نام کر لئے۔