کمرشل امپورٹرز پر عائد ویلیو ایڈیشن ٹیکس کا خاتمہ کیا جائے ،پائما

399

کراچی( اسٹاف رپورٹر )پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن( پائما) نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) سے درآمدی سطح پر کمرشل امپورٹرز پر عائد 3فیصد ویلیو ایڈیشن ٹیکس ختم کرنے، صنعتی وکمرشل امپورٹرز کے لیے یکساں ودہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ، پولیسٹر فلامنٹ یارن پر ریگولیٹری ڈیوٹی اور ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی ختم کرنے اور پی او وائی پر ٹیکس کی شرح کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پائماکے سینئر وائس چیئرمین حنیف لاکھانی اور وائس چیئرمین فرحان اشرفی کی قیادت میں وفدنے انکم ٹیکس آفس میں ممبراِ ن لینڈ ریونیو آپریشن فیڈرل بورڈ آف ریونیوڈاکٹر محمد اشفاق احمد سے ملاقات میں 7نکاتی ایجنڈا پیش کیا جس میں ٹیکسٹائل اور اس سے ملحقہ صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے لاگت میں کمی اور حکومتی ریونیو میں اضافے کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کی گئیں۔اس موقع پر چیف کمشنر،آفتاب امام، حمید میمن( ایف بی آر)بھی موجود تھے جبکہ پائما کے وفد میں محمدعثمان، خورشید شیخ، اسلم موٹن، ثاقب نسیم، جاوید خانانی، خرم بھرارا اور سلمان اشرف شامل تھے۔حنیف لاکھانی اور فرحانی اشرفی نے ممبر اِ ن لینڈ ریونیو کو بتایاکہ درآمدی سطح پرکمرشل امپورٹرز پر غیر ضروری طور پر 3فیصد ویلیو ایڈیشن ٹیکس عائد ہے حالانکہ خام مال درآمدی سطح پر ایک کموڈیٹی ہے اور یہ ممکن نہیں کہ یارن جیسی کموڈیٹی کو 17 سے 18 فیصد کے پرافٹ مارجن کے ساتھ فروخت کیا جائے جو 2سے5فیصد ہو سکتا ہے لہٰذا یہ ٹیکس درآمدکنندگان پر بوجھ ہے اس کو واپس لیا جائے یا پھر ایک فیصد رکھا جائے۔انہوں نے بتایا کہ درآمدی سطح پر کیپٹل گڈز پر ایک فیصد، خام مال پر 2فیصد اور فنشڈ گڈز پر 5.5 فیصد ٹیکس عائد ہے لہٰذا ودہولڈنگ ٹیکس صنعتی وکمرشل درآمدکنندگان پر یکساں یعنی ایک فیصد ہونا چاہیے۔ اسی طرح پولیسٹر فلامنٹ یارن(خام مال) پر 2.5فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد ہے جو ویونگ، نٹنگ اور ہوم ٹیکسٹائل میں استعمال ہوتا ہے۔