دنیا کی سب سے بڑی ویکسین فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی

411
بھارت: دنیا کی سب سے بڑی ویکسین بنانے والی فیکٹری سے دھواں اُٹھ رہا ہے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی ویکسین فیکٹری میں ہولناک آگ لگ گئی، تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کی تنصیب میں آتشزدگی کے بعد متاثرہ عمارت سے 3 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق جس فیکٹری میں آگ لگی، وہ زیر تعمیر تھی، لہٰذا واقعے سے ویکسین کی پیداوار متاثر نہیں ہوئی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ میں ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونا میں عمارت سے دھویں کے بادل اور آگ کے شعلے نکلنے کے وڈیو مناظر دکھائے گئے ہیں، جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ کی وجہ سے آیندہ دنوں میں انسٹیٹیوٹ کے ویکسین تیار کرنے کے تمام منصوبوں پر پانی پھر جائے گا۔ کمپنی کے منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ واضح رہے کہ سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی ویکسین آسٹرازینکا کی ایک ارب خوراکیں تیار کرنے کے لیے سمجھوتا کیا تھا۔ اس حوالے سے کمپنی نے کا کہنا تھا کہ ہمارا ہدف 2021ء کے آخر تک انسٹیٹیوٹ کی پیداواری صلاحیت کو ڈیڑھ ارب ویکسین خوراکوں سے بڑھا کر ڈھائی ارب خوراکیں کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔