غیرقانونی تعمیرات کے خلاف سخت اقدام کی ہدایت

287

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل شمس الدین سومرو نے کراچی سمیت سندھ کے تمام ریجنزمیں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف مزید سخت اقدامات کی ہدایت کی ہے،اس سلسلے میں تمام یوٹیلٹی محکموں ، ایجنسیز، رجسٹرارسے مربوط رابطے اورعلاقائی پولیس سمیت رینجرزسے مدد لی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرجنرل ایس بی سی اے نے غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام اور خاتمے کے حوالے سے تمام ڈائریکٹرز آف بلڈنگ اورفیلڈ آفیسرز کو بذریعہ سرکلر لیٹرنمبر SBCA/Secy-DG-SBCA/2021/10 مورخہ 18-01-2021ہدایات دی ہیں کہ غیرقانونی تعمیرات کے بلڈنگ پلانز کومنسوخ کیاجائے،تعمیراتی قوانین کے تحت ملوث افراد کے نادرا قومی شناختی کارڈزبلاک کروائے جائیں ،بجلی ، غیرقانونی تعمیرات میں یوٹیلٹی کنکشنزفراہمی غیر قانونی عمل ہے اس سلسلے میں پانی اورسوئی گیس سپلائی محکموں اور ایجنسیز کو مطلع کرکے کنکشنزفراہمی کو روکاجائے اورجہاں کہیں کنکشنزفراہم کئے جاچکے ہیں منقطع کروایاجائے، پراپرٹی رجسٹریشن اتھارٹی سے رابطہ کرکے رہائشی پلاٹس یا دیگر پر خلاف ضابطہ اضافی منزلوں اورپورشن /یونٹ میں لیز /سب لیز یادیگرقانونی دستاویزات کی دستیابی کو روکا اور منسوخی سمیت پابندکیاجائے کہ کمپلیشن کے تصدیقی عمل سے قانونی حیثیت کا تعین کرنے پر مالکانہ حقوق کی قانونی دستیاویزات فراہم کی جائیں۔غیرقانونی تعمیرات میںملوث شخص کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج اور پولیس ودیگرقانون نافذ کرنے والی ایجنسیز کی مددسے تعمیرات کو سربمہرکیاجائے اس سلسلے میں تعمیراتی آرڈیننس KB&TP,2002/SBCA,1979 کے تحت متعلقہ علاقائی پولیس اسٹیشن کو سربمہری سے متعلق مطلع اوراس قانونی اقدام کی ذمہ داری دی جائے تاکہ سربمہری کو غیرقانونی طورپر ازخود توڑنے کے مرتکب کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے متعلقہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاسکے ،غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی میںامن وامان کی صورتحال کو قابومیںرکھنے اور کارروائی کو موثربنانے کے حوالے سے ہوم ڈیپارٹمنٹ سندھ کے توسط سے پولیس اور رینجرزکی مددلی جاسکے گی۔سرکلر کے مزید مندرجات کے مطابق ہدایات دی گئیں ہیں کہ انتباہی اشتہارات کے ذریعے غیرقانونی تعمیرات کرنے یا اس میں سرمایاکاری کے حوالے عوام الناس کو خبردار کیا جائے گا۔