اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ اسامیوں پر تعیناتی کیلیے سندھ حکومت کو خط لکھے گا

392

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانو ی تعلیمی بورڈ کراچی نے بورڈ میں مستقل ناظم امتحانات، سیکرٹری بورڈ، ڈپٹی سیکرٹری، اسسٹنٹ سیکرٹری سمیت متعدد اسامیوں پر تعیناتیوں کیلیے آئندہ ماہ حکومت سندھ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے ڈرافٹ کی تیاری کا عمل جاری ہے جبکہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے آئندہ سال سے طلبہ کو آن لائن امتحانی فارم جمع کرانے اور آن لائن ایڈمٹ کارڈ کی سہولتیں فراہم کرنے پر بھی غور شروع کر دیا ہے، اس حوالے سے انٹر بورڈ نے آن لائن الحاق کی سہولتوں کے حوالے سے کالجوںکا مکمل ڈیٹا بھی مرتب کرنے کے کاآغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جمعرات کو رابطہ کرنے پر اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئر مین ڈاکٹر پروفسیر سعید الدین نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے امکان ظاہر کیا کہ آئندہ سال سے طلبہ کی سہولت کے لیے اس سال کے ضمنی امتحانات یا آئندہ سال سے آن لائن انرولمنٹ اور امتحانی فارم جمع کرانے اور آن لائن کارڈ گھر بیٹھے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے تاکہ طلبہ کو اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں آنے کی زحمت نہ اُٹھانی پڑے۔ ڈاکٹر پروفیسر سعید الدین کاکہنا تھا کہ بورڈ سے الحاق والے کالجوں کو آن لائن الحاق کی سہولتیں بھی دینا چاہتے ہیں، اس حوالے کالجوں کے سربراہان اور انتظامیہ سے ملاقات بھی ہوئی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ انٹر بورڈ میں مستقل ناظم امتحانات، سیکرٹری، ڈپٹی سیکرٹری، اسسٹنٹ سیکرٹری سمیت 17 اور 18 گریڈ کی متعدد اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ ہم ان اسامیوں پر تعیناتیوں کے لیے حکومت سندھ کو اگلے ماہ خط لکھنے جا رہے ہیں۔