پیٹرول کے بعد بجلی بھی مزید مہنگی کرنیکا اعلان

355

اسلام آباد(نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پیٹرول کے بعد ایک بار پھر بجلی کی قیمت میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت نے بارودی سرنگیں لگائی ہیں جس کا مطلب لازمی ادائیگیاں ہیں ،بجلی نرخ میں 9روپے فی یونٹ اضافہ کرنا چاہیے تھا لیکن صرف 1.95 روپے بڑھا رہے ہیں، حکومت گردشی قرضوں میں کمی اور سستی بجلی کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے ،ٹھوس اقدامات سے معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے ،6ماہ میں کرنٹاکائونٹ سرپلس ہے۔اسلام آباد میں وفاقی وزرا اسد عمر ، عمرایوب اور معاون خصوصی تابش گوہر نے پریس کانفرنس کی ۔ وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے بارودی سرنگیں لگائیں جس کا مطلب لازمی ادائیگیاں ہیں، بجلی خرچ کریں یا نہ کریں ادائیگی کرنا ہوتی تھی، 2019ء تک 227 ارب کی ادائیگی کرنا تھی جبکہ 2023ء تک یہ لازمی ادائیگیاں 1455 ارب روپے ہو جائیں گی، مسلم لیگ (ن) نے دانستہ طور پر بدنیتی کے تحت یہ سارے معاہدے کیے اور کارخانے لگائے، یہ صورتحال ہمیں ورثے میں ملی۔وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ کورونا کے دور میں آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود 473 ارب کی سبسڈی دی گئی، مشکل ترین دور میں پاور سیکٹر کو سبسڈی دی گئی تاہم اب ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے جارہے ہیں، اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست دے رہے ہیں جبکہ ن لیگ کے غلط فیصلوں کی وجہ سے یہ اضافہ کئی گنا زیادہ بنتا ہے۔وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ معیشت کے تناظر میں بجلی پر بات کرنا چاہتا ہوں، چند ماہ سے معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، برآمدات اور بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے، مسلم لیگ (ن) کے فیصلوں کی روشنی میں 9 روپے فی یونٹ اضافہ کرنا لازمی تھا تاہم پی ٹی آئی نے ایسا نہیں کیا۔واضح رہے کہ رواں ماہ ہی حکومت نے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 6 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا تھا، نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، جس کے تحت اکتوبرکے لیے 29 پیسے اور نومبر کے لیے76 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیا کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیا کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس کے تحت قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق 100 گرام مرچ پاوڈر کی قیمت میں 50 روپے، مختلف اچار کے ڈبوں کی قیمت میں 60 روپے، مشروبات کی بوتل 30 روپے اور مصالحہ جات 40 روپے تک مہنگے کردیے گئے ہیں جبکہ کپڑے دھونے کے پاؤڈر کا پیکٹ 5 روپے، شیمپو کی بوتل 11 روپے اور صابن کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔