حقوق کراچی تحریک ، جماعت اسلامی کا آج شہر بھر میں مظاہروں کا اعلان

403
جانوروں میں بیماری کے حوالے سے این سی او سی کا اجلاس طلب کیا جائے، حافظ نعیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں ذمے داران کا ایک اجلاس ہوا جس میں کراچی میں درست مردم شماری، بااختیار شہری حکومت و فوری بلدیاتی انتخابات اور شہر قائد کے گمبھیر مسائل کے حوالے سے جماعت اسلامی کے تحت جاری ’’حقوق کراچی تحریک‘‘ کا جائزہ لیا گیا اور عزم کیا گیا کہ مسائل کے حل اور کراچی کے جائز آئینی و قانونی حقوق کی فراہمی تک تحریک جاری رہے گی اور جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ درست مردم شماری، بااختیار شہری حکومت، فوری بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے جاری’’حقوق کراچی تحریک‘‘ کے سلسلے میں 22جنوری بروز جمعرات کو شہر بھرمیں سیکڑوں مقامات پر مظاہرے ہوں گے جبکہ مرکزی مظاہرہ آج مسجد بیت المکرم کے باہر بعدنماز جمعہ 1:30 بجے ہوگا ۔ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے ،30جنوری کوکراچی میں 50مقامات پر احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے، جبکہ جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے تحت23جنوری کو کریم آباد پر دھرنادیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی پورے پاکستان کو چلاتا ہے،67 فیصد ریونیو فراہم کرتاہے، اس کے باوجود وفاقی حکومت اور نا ہی صوبائی حکومت اس کا حق دیتی ہے، طاقت کے مراکز پر موجود افراد بھی کراچی کو کچھ نہیں دیتے، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں،گٹر ابل رہے ہیں، کھیل کے میدانوں پر قبضے ہورہے ہیں، شہر کے نوجوانوں اور بچوں سے تعلیم چھینی جارہی ہے،لاہور، ملتان، پنڈی سمیت دیگر شہروں میں ترقی ہورہی ہے جس پر ہمیں خوشی ہے لیکن کراچی کو اس کا حق نہیں دیا جارہا ہے، پورے ملک کی موٹر وے تو ٹھیک ہے لیکن کراچی اورحیدرآباد کی سڑکیں پرانی اور ٹوٹی پھوٹی ہوئی ہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ شہر کو ا س کا حق دیا جائے، بااختیار شہری حکومت قائم کی جائے، کراچی کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں دی جائیں،جلد از جلدپبلک ٹرانسپورٹ کا انتظام کیاجائے، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کا کام کرایا جائے۔جماعت اسلامی نے کراچی کے حقوق کی تحریک کے لیے آئینی، قانونی و جمہوری جدوجہد کی ہے اور ہم کراچی کے عوام کو اس کا حقیقی حق ضرور دلائیں گے۔