بارات سے کچھ دیر قبل دولہا پُراسرار طور پر انتقال کرگیا

574

پنجاب کی تحصیل ساہیوال کے علاقے چیچہ وطنی میں بارات سے کچھ دیر قبل دولہا پُراسرار طور پر انتقال کر گیا۔

ایک نجی روزنامے کی رپورٹ کے مطابق مقامی افراد نے بتایا کہ 30 سالہ کاشف ولد سردار محمد اپنے خوشی والے دن انتقال کر گیا۔ اہل خانہ کی خوشیاں غمی میں بدل گئیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دولہا بارات سے کچھ دیر قبل تیار ہونے غسل خانے گیا اور وہیں پُراسرار طور پر انتقال کرگیا۔ بارات سے ایک روز قبل دولہا اہل خانہ کے ساتھ شادی کی خوشیاں منا رہا تھا۔

روزنامے کے مطابق غسل خانے میں دولہا کو ہارٹ اٹیک ہوا جو موت کی وجہ بنا۔

دولہا کے اہل خانہ اس وقت پریشان ہوئے جب دولہا کافی دیر گزر جانے کے باوجود غسل خانے سے باہر نہیں آیا۔ اہل خانہ نے دروازہ توڑ کر دولہا کو نکالا اور فوری اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال میں ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد اہل خانہ کو بتایا کہ کاشف انتقال کرچکا ہے۔