رواں سال بغیر امتحان بچوں کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا ، سعید غنی

491

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ کورس کو مزید کم نہیں کرسکتے چاہے امتحانات کو ری شیڈول کیوں نہ کرنا پڑے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت ہوئے محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں یکم فروری سے پرائمری، مڈل اور سیکنڈری کلاسز کھولنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اجلاس میں امتحانات کے شیڈول اور سلیبس سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔

وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھاکہ یکم فروری سےتمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے، امتحانات جلد بازی میں نہ کرانے پر سٹیئرنگ کمیٹی ارکان میں اتفاق موجود ہے جبکہ رواں سال بغیر امتحان بچوں کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔

سعید غنی کا کہناتھاکہ ہمیں غیر معمولی حالات کو مدنظر رکھ کر غیر معمولی فیصلے کرنے ہوں گے جبکہ کورونا وائرس کے باعث ہمارا تعلیمی شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے اورہمیں دوبارہ شیڈول کے مطابق آنے میں وقت لگے گا۔

سعید غنی کا کہناتھاکہ تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹنگ کی رفتار بڑھائی جائے گی اور پہلے سے طے ہے ہر جماعت کے 50 فیصد طلبا سکول آئیں گے جبکہ کورس کو مزید کم نہیں کرسکتے چاہے امتحانات کوری شیڈول کیوں نہ کرنا پڑے۔

وزیرتعلیم سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ نئے تعلیمی سال سے متعلق بھی حالات کو دیکھ کر ہمیں پلان کرنا ہوگا جبکہ زیرصدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس جس میں سیکرٹری تعلیم، سیکرٹری کالجز سندھ،اسکول ایسوسی ایشنز کے نمائندے اور دیگرشریک ہوئے۔