‘پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ ایسا لمحہ ہے جو زندگی میں نہیں دیکھا’

324

جنوبی افریقی اسکواڈ رکن فاف ڈوپلیسی  نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ ایسا لمحہ ہے جو اب تک اپنی زندگی میں نہیں دیکھا۔

دورہ پاکستان پر آئے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم کے سینئر پلیئر فاف ڈوپلیسی نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جانتا تھا کہ یہاں محدود طرز کی کرکٹ تو کھیلی جارہی ہے لیکن اندازہ نہیں تھا کہ  اتنی جلدی طویل طرز کی کرکٹ بھی کھیلی جائے گی۔

فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ اب پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے دوبارہ آغاز کے منتظرہوں، یقین ہے کہ یہ بالکل 13 سال پہلے جیسا آغاز ہی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کی ایک نسل کرکٹرز کو اپنے میدانوں میں کھیلتا نہیں دیکھ سکی، نوجوانوں کو متاثر کرنےکے لیےپاکستان اپنی سرزمین پر کرکٹ کھیلے۔

بیٹسمین کا مزید کہنا تھا کہ ہم بلے بازوں کے لیے رنز بنانے کے مواقع زیادہ ہیں، پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ ایسا لمحہ ہے جو اب تک اپنی زندگی میں نہیں دیکھا، امید ہے کہ ٹیم کا یہ دورہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کو لانے میں مدد کرے گا۔