پی ایس ایل6: رومان رئیس اسلام آبادیونائیٹڈ کے بولنگ کنسلٹنٹ مقرر

497

کراچی: فاسٹ بولر رومان رئیس انجری کی وجہ سے بطور پلیئر پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن سے آؤٹ ہوگئے ہیں تاہم وہ ٹورنامنٹ کے دوران ایک نئے روپ میں اسلام آباد یونائٹڈ کے ڈگ آوٹ پر نظر آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق  فاسٹ بولر رومان رئیس دو مرتبہ کی چیمپئن ٹیم کے لیے 30 میچ کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے اپنے کئیرئیر میں بھرپور سپورٹ اور کوچنگ مواقع فراہم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے رومان رئیس نے اعلان کیا ہے کہ وہ پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کے بولنگ کنسلٹنٹ ہوں گے۔

رومان رئیس پہلے ایڈیشن سے پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹڈ کا حصہ رہے ہیں اور ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سابق یونائٹڈ کپتان اس بار ہیڈ کوچ یوہان بوتھا کے ساتھ ٹیم کے بولرز کی صلاحیت کو بہتر کرنے میں کردار ادا کریں گے۔

ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بطور بولنگ کنسلٹنٹ رومان رئیس کا انتخاب مختلف پلیئرز کے انٹرویوز کے بعد کیا گیا ہے جبکہ ہیڈ کوچ یوہان بوتھا کہتے ہیں کہ ٹیم کی حکمت عملی کے مطابق ہی رومان کو ٹیم کا بولنگ کنسلٹنٹ بنایا گیا ہے کیونکہ وہ دور حاضر کی کرکٹ کے اتار چڑھاؤ سے بخوبی واقف ہیں۔

دوسری جانب رومان رئیس کا کہنا ہے کہ انہیں جب پہلے بولنگ کنسلٹنٹ کے رول کے لئے کہا گیا تو کافی حیرت ہوئی تاہم یہ پوزیشن حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے ، وہ بطور بولنگ کنسلٹنٹ ٹیم کے بولرز کی صلاحیتوں کو بہتر کرنے میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

ٹیم کے اونر کا کہنا ہے کہ ہیڈکوچ بوتھا سے بھی اس بارے میں تفصیلی بات ہوئی ہے اور وہ بھی میرے پلان سے بہت خوش ہیں جبکہ اسلام آباد ٹیم انتظامیہ کا شکر گزار ہوں اور ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا اور اسلام آباد ٹیم کے اونر علی نقوی نے ہمیشہ بہت سپورٹ کیا ہے۔

پاکستان کے انٹرنیشنل فاسٹ بولر کا کہناہے کہ اسلام آباد یونائٹڈ نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا اور اب وقت ہے کہ وہ اسلام آباد کے لئے کچھ کردکھائیں۔