قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا کورونا ٹیسٹ کلیئر: ٹریننگ کا آغاز

254

کراچی: 14 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی جنوبی افریقا کی ٹیم کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم ہوم سیریز کی تیاری کیلئے آج سے ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے تمام ارکان کی تیسری کورونا ٹیسٹنگ کے نتائج بھی کلیئرآئے ہیں جس کے بعد قومی اسکواڈ آج دوپہر ایک بجے سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گا.

پی سی بی کے مطابق اس سے قبل بھی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے دونوں ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آئے تھے.

دوسری جانب سیکورٹی کے انتظامات کو آخری شکل دی جارہی ہے اور گزشتہ روز ہونے والی ریہرسیل بھی اس کا حصہ تھی۔ جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے مینجمنٹ نے 11رکنی پلئینگ ٹیم کو حتمی شکل دے دی ہے تاہم اس کا باقاعدہ اعلان میچ کے آغاز سے کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاک جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا.

واضح رہے کہ مہمان ٹیم قومی ٹیم کیخلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے علاوہ 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی جس کا پہلا میچ 11 فروری دوسرا ٹی 20 میچ 13 فروری جبکہ تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ 14 فروری کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔