اسرائیل کو کسی کا باپ بھی تسلیم نہیں کراسکے گا، مولانا فضل الرحمن

906

کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسرائیل کو کسی کا باپ تسلیم نہیں کراسکے گا، امریکی صدر جوبائیڈن اعلان کریں کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کا فیصلہ واپس لے۔

مزار قائد سے متصل شاہراہ پر جمعیت علمائے اسلام ف کے تحت اسرائیل نامنظور ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ  فلسطینی بھائیوں کو واضح پیغام دیتا ہوں کہ پاکستانی قوم خون کے آخری قطرے تک آپ کے ساتھ کھڑے رہے گی، جب تک فلسطین اور مسجد اقصی کو یہودیوں کے پنجے سے آزادی نہیں ملتی پاکستان اور دنیا کا کوئی مسلمان خاموش نہیں بیٹھے گا۔

انہوں نے کہا کہ تاحد نظر انسانی سروں کا سمندر 22 کروڑ پاکستانیوں کی نمائندگی کررہا ہے، یہ اجتماع امت مسلمہ کی بھی نمائندگی کررہا ہے، شاہ فیصل نے فرمایا تھا کہ تمام عرب اسرائیل کو تسلیم کرلیں ہم نہیں کریں گے، بانی پاکستان نے کہا تھا کہ اسرائیل نے مسلمانوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپا ہم کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، امت مسلمہ ان آوازوں کو بھولی نہیں، قرار داد پاکستان کا حصہ ہے کہ بانی پاکستان نے کہا یہودی فلسطینی زمینوں میں اپنی آبادیاں بنارہے ہیں اس عمل کو تسلیم نہیں کرتے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ 1949 کی قرار داد پاکستان کے قیام کی بنیاد ہے تو اسرائیل کو مسترد کرنے کی بھی بنیاد ہے، جب اسرائیل بنا تو پہلے وزیر اعظم نے اسرائیل کی خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی کہ دنیا میں ایک نوزائیدہ مسلم ملک پاکستان کو ختم کرنا ترجیح ہوگی، اسرائیل نے پاکستان کو ختم کرنا اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیح رکھی، اس ملک کو تسلیم کرنا پاکستان کی وفاداری کیسے ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے غدار ہے تو اسرائیل کو تسلیم کریں گے اگر پاکستان کے وفا دار ہے تو اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے، پاکستان نے سب سے پہلے اقوام متحدہ میں اپنا پہلا موقف فلسطین پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے پر دیا، ظفر اللہ جمالی نے قادیانی ہونے کی وجہ سے اسرائیل کے ساتھ پینگیں بڑھانے کی کوشش کی، قادیانی اس وقت بھی امت مسلمہ کا غدار تھا آج بھی غدار ہے، قادیانیوں کی اصل پناہ گاہ اسرائیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ  فارن فنڈنگ کیس میں بتایا ہے کہ عمران خان کو الیکشن کے لیے پیسہ دو دشمن ملکوں سے آیا، اسرائیلیوں نے بھی اس فنڈ میں حصہ ڈالا، جو میں نے کہا کہ عمران خان یہودیوں کا ایجنٹ ہے وہ آج سچ ثابت ہورہا ہے، جو کچھ کرلو میری آواز کرہ ارض کے کونے کونے تک پہنچ چکی ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے واشگاف اعلان کیا کہ اسرائیل کو کسی کا باپ تسلیم نہیں کرسکے گا، جمائما کے بھائی کی الیکشن میں عمران خان نے مہم چلائی، جمائما کا بھائی سی ایف آئی کا نمائندہ ہے، وہ کنزرویٹیو فرینڈز آف اسرائیل کا رکن ہے، جو ایک پاکستانی نژاد کے مقابلے یہودی کی مہم چلائے تو اسے ایجنٹ نہ کہیں، عمران خان کو وزیر اعظم کہنا جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولوی ہوں یا نہیں اس کا فیصلہ عالم کو کرنا ہوگا، جس کو خاتم النبین پڑھنا نہ آتا ہو وہ کہتا ہے کہ مجھے مولانا کہنا ظلم ہے، عجیب اتفاق ہے پاکستان میں حکومت کو نہیں ماننے کی تحریک چل رہی ہے ساتھ ہی اسرائیل کو بھی نہیں مانتے۔

انہوں نے کہا کہ یورپ امریکا نے اسرائیل کو بغل بچہ بنایا، اب حرمین شریفین پر قبضہ کی سازش کررہے ہیں، جس طرح حکمرانوں نے کشمیر کو بیچ دیا، اقتدار میں آنے سے قبل ہی کشمیر کی تقسیم کا فارمولا پیش کیا، حکمراں کشمیر فروش ہیں۔عوام نے اجتماع عام سے دنیا کو پیغام دیا کہ فلسطین کی آزادی کے لیے فلسطینیوں کے ںشانہ بشانہ رہیں گے۔

5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ راولپنڈی میں اظہار یکجہتی کریں گے، پی ڈی ایم کی قیادت 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی، پانچ فروری کے بعد کراچی سے حیدرآباد جائیں گے، کارکن اتنی گرمجوشی پیدا کریں کہ یہ حکمرانوں اس کے شعلوں میں بھسم ہوجائیں۔