جماعت اسلامی کا کل شہر قائد میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان

649

کراچی: جماعت اسلامی کا درست مردم شماری، بااختیار شہری حکومت، فوری بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے جاری’’حقوق کراچی تحریک‘‘ کے سلسلے میں شہر قائد میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں ذمہ داران کا ایک اجلاس ہوا جس میں کراچی میں درست مردم شماری، با اختیار شہری حکومت و فوری بلدیاتی انتخابات اور شہر قائد کے گھمبیر مسائل کے حوالے سے جماعت اسلامی کے تحت جاری ’’حقوق کراچی تحریک‘‘ کا جائزہ لیا گیا اور عزم کیا گیا کہ مسائل کے حل اور کراچی کے جائز آئینی و قانونی حقوق کی فراہمی تک تحریک جاری رہے گی اور جدو جہد کو مزید تیز کیا جائے گا۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ درست مردم شماری، بااختیار شہری حکومت، فوری بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے جاری’’حقوق کراچی تحریک‘‘ کے سلسلے میں 22 جنوری بروز جمعہ کو شہر بھرمیں سینکڑوں مقامات پر مظاہرے ہوں گے جبکہ مرکزی مظاہرہ مسجد بیت المکرم کے باہر بعد نماز جمعہ 1:30 بجے ہوگا۔ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے، 30 جنوری کو کراچی میں 50 مقامات پر احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے، جب کہ جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کے تحت 23 جنوری کو کریم آباد پر دھرنا دیا جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی پورے پاکستان کو چلاتا ہے، 67 فیصد ریونیو فراہم کرتا ہے، اس کے باوجود وفاقی حکومت اور نا ہی صوبائی حکومت اس کا حق دیتی ہے، طاقت کے مراکز پر موجود افراد بھی کراچی کو کچھ نہیں دیتے، سڑکیں ٹوٹی ہوئیں ہیں، گٹر ابل رہے ہیں، کھیل کے میدانوں پر قبضے ہورہے ہیں، شہر کے نوجوانوں اور بچوں سے تعلیم چھینی جارہی ہے، لاہور، ملتان، پنڈی سمیت دیگر شہروں میں ترقی ہورہی ہے جس پر ہمیں خوشی ہے لیکن کراچی کو اس کا حق نہیں دیا جارہا ہے، پورے ملک کی موٹر وے تو ٹھیک ہے لیکن کراچی اورحیدرآباد کی سڑکیں پرانی اور ٹوٹی پھوٹی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ شہر کو اس کا حق دیا جائے، بااختیار شہری حکومت قائم کی جائے، کراچی کے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں دی جائیں،جلد از جلدپبلک ٹرانسپورٹ کا انتظام کیاجائے، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کا کام کروایا جائے۔ جماعت اسلامی نے کراچی کے حقوق کی تحریک کے لیے آئینی، قانونی و جمہوری جدوجہد کی ہے اور ہم کراچی کے عوام کو اس کا حقیقی حق ضرور دلوائیں گے۔