حکومت نے عوام پر بجلی گرا دی، بجلی 1.95پیسے مہنگی کرنے کااعلان

413

اسلام آباد: حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام پر بجلی گرادی اور  عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈالتے ہوئے بجلی فی یونٹ ایک روپیہ پچانوے پیسے مہنگی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزرا نے بجلی مہنگی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ سابق حکومت ہمارے لیے بارودی سرنگیں چھوڑ کر گئی ہے جبکہ ن لیگی دور کے غلط معاہدوں کے باعث بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر مجبور ہیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ سابق حکومت بجلی کے نظام میں بہت بڑا چیلنج چھوڑ کر گئی لیکن پی ٹی آئی حکومت نے صنعتی ترقی کے لیے خصوصی پیکج دیئے اور حکومتی اقدامات سے معیشت کا پہیہ تیزی سے چل رہا ہے اور صعنتوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ملکی برآمدات میں اضافہ بھی خوش آئند ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ میں معیشت کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے جبکہ پہلے 6 ماہ میں 208 ارب روپے کے ترقیاتی کام ہوئے اور 6 ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت ہمارے لیے باردوی سرنگیں بچھا کر گئی ہے اور ن لیگ نے ایسا خسارہ چھوڑا کی ادائیگیاں کرنا پڑیں گی جبکہ سابق حکومت کے غلط معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے اور بجلی کی قیمت میں ایک روپیہ 95 پیسے فی یونٹ اضافہ کر رہے ہیں البتہ  مشکل حالات کے باوجود پاور سیکٹر کو 473 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تابش گوہر نے کہا کہ گردشی قرضے میں کمی کیلئے حکومت نے بہت اقدامات کیے اور ماضی کے برعکس قواعد وضوابط کے مطابق توانائی معاہدے کیے جبکہ آئی پی پیز کے ساتھ نئے معاہدوں سے 6 ہزار ارب روپے کا بوجھ کم ہوگا اور 450 ارب روپے بقایا جات کی رواں سال ادائیگی کر دی جائے گی۔