بیرونی فنڈنگ کیس: اوپن ٹرائل ممکن نہیں،الیکشن کمیشن

333

اسلام آباد:الیکشن کمیشن پاکستان نے تحریک انصاف کے خلاف دائر بیرونی فنڈنگ کیس کی سماعت کو میڈیا پر نشر کرنے کی مخالفت کردی۔

جمعرات کو الیکشن کمیشن کے ترجمان نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی فنڈنگ کیس کی سماعت کو میڈیا پر نشر کرنا ممکن نہیں ہے،اس معاملے پر جوڈیشل انکوائری کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے۔کیس کی سماعت کو میڈیا پر نشر کرنا ممکن نہیں، یہ ایک حساس معاملہ ہے جس کا انحصار قومی مفاد پر ہے لہذا کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے سب کو گریز کرنا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار،میڈیا اور کئی اداروں کے نمائندے موجود ہوں گے۔اسکورنٹی کمیٹی دونوں طرف کا مؤقف سن کر سفارشات الیکشن کمیشن کو ارسال کرے گی جس کا فیصلہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک بیان میں الیکشن کمیشن سے  بیرونی فیڈنگ کیس کا اوپن ٹرائل کرنے کی درخواست کی تھی،انہوں کہا تھا کہ سماعت کے دوران تمام پارٹیوں کے سربراہان کو بھی موجود ہونا چاہیے۔تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور لوگ اسے سیاسی کام کے لیے ہی پیسے دیتے ہیں۔