سبی: سانگان کے پہاڑی علاقے میں دھماکہ ، 4 ایف سی اہلکار شہید

692

کوئٹہ: پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایف سی اہلکاروں کو بم دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں چار ایف سی اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ سبی کا کہنا ہے کہ واقعہ بلوچستان کے ضلع سبی کے نواحی پہاڑی علاقے سانگان میں پیش آیا جہاں ایف سی سبی سکاؤٹس 154 ونگ کے اہلکار بم ڈسپوزل ٹیم کے ہمراہ نئی چیک پوسٹ قائم کرنے کے لیے راستہ کلیئر کررہے تھے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ  کلیئرنگ کے دوران نامعلوم افراد کی جانب سے زمین میں چھپائے گئے دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا جس میں 9 ایف سی اہلکار نشانہ بنے جبکہ 9 میں سے چار اہلکاروں نے دم توڑ دیا اور باقی پانچ زخمی اہلکاروں کو علاج کی غرض سے ہیلی کاپٹرکے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

سبی اور ہرنائی کے درمیان واقعہ دشوار گزار پہاڑی سلسلوں پر مشتمل سانگان کے علاقے میں اس سے پہلے بھی سکیورٹی فورسز ایسے حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔

خیال رہے یہاں کالعدم علیحدگی پسند بلوچ تنظیموں کے ٹھکانے بھی رہے ہیں اور 2016 میں ایک بڑے آپریشن میں یہاں پاکستانی فورسز نے 8  شدت پسندوں کو ہلاک اور کئی کو گرفتار کیا تھا جبکہ کالعدم بی ایل اے کے سابق سربراہ اسلم اچھو بھی اس آپریشن میں شدید زخمی ہونے کے بعد فرار ہوگئے تھے۔