چین کا پاکستان کیلئے کورونا ویکسین کا تحفہ

471
file

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین نے 31 جنوری تک کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراک فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، چین ویکسین کے بدلے پاکستان سے کچھ نہیں لے رہے ہیں، یہ خیر سگالی اور دوستی کا ہاتھ جو چین نے ہماری طرف بڑھایا ہے جس کیلئے میں ان کا شکر گزار ہوں۔

اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلی فونک رابطے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ سے طویل گفتگو کی اور پاکستان کی ضروریات کا ذکر کیا اور قوم کو خوش خبری دینا چاہتا ہوں کہ 31 جنوری تک فی الفور 5 لاکھ ویکسین کی خوراک دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ اپنا جہاز بھیجیں اور اس دوائی کو فی الفور لے جائیں، یہ ایک خوش آئند خبر اور خوش آئند پیش رفت ہے اور ان شااللہ اس سے بہت جانیں بچانے میں ہمیں کامیابی ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان سے ذکر کیا کہ ہماری ضروریات اس سے زیادہ ہے اور مستقبل میں اس کی ضرورت 11 لاکھ خوراک کی ہے اور اس پر بھی انہوں نے بڑی حوصلہ افزا بات کی اور کہا کہ ہم فروری کے آخر تک اس ضروررت کو بھی پوری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور یہ ویکسن کی بھی دستیاب ہوگی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا جب کووڈ-19 کے لیے جب دنیا سے تعاون کرنے کا فیصلہ کیا تو پہلا ملک جو ہمارے ذہن میں آیا وہ پاکستان ہے اور پاکستان کو ہم یقین دلانا چاہتے ہیں ہمارا تعاون آپ سے جاری رہے گا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں کینسنو ویکسین کی آزمائش جاری ہے اور اس کے بڑے اچھے نتائج نکلے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی بہت بڑی ہے، ہماری ضروریات بھی اس کے مطابق کافی ہیں اور اس بڑی آبادی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہم نے تبادلہ خیال کیا کہ نئے ٹرائلز کو سامنے رکھ کر ویکسین کی پیداوار کے لیے ہم مل کر آگے بڑھ سکتے ہیں اور اس پر بھی انہوں نے آمادگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ جو کھیپ آرہی ہے ایک تعاون ہے جس کے لیے پاکستان سے کچھ نہیں لے رہے ہیں، یہ خیر سگالی اور دوستی کا ہاتھ جو چین نے ہماری طرف بڑھایا ہے جس کے لیے میں ان کا شکر گزار ہوں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اس خوش خبری سے قوم کو یہ اعتماد دلانا چاہتا ہوں کہ ہمارے وہ مریض اور وہ پاکستانی جو بڑی ہمت سے کووڈ-19 کا مقابلہ کر رہے ہیں، یہ ایک اچھی پیش رفت ہے اور دعا گوہ ہوں کہ اللہ سب کو اس وبا سے محفوظ رکھے۔