سدرن پنجاب نے بلوچستان کو شکست دے دی

279

کراچی (اسٹاف رپورٹر/اے پی پی) پاکستان کپ کے7ویں رائونڈ میں سدرن پنجاب نے عمر خان کی عمدہ بولنگ کی بدولت بلوچستان کو 8 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دی جبکہ سندھ نے دانش عزیز اور حسان کی شاندار کارکردگی کی بدولت خیبرپختونخوا کو 4 وکٹوں سے ہرادیا، لیگ اسپنر عثمان قادر کی عمدہ بولنگ کی بدولت سینٹرل پنجاب نے ناردرن کو 44 رنز سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔ نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے عمر خان کی عمدہ بولنگ کی بدولت بلوچستان کو 8 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔ سدرن پنجاب نے 158 رنز کا ہدف 34.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان شان مسعود نے 7 چوکوں کی مدد سے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے مختار احمد کے ہمراہ 121 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ مختار احمد نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے۔اس سے قبل بلوچستان نے پہلے بیٹنگ شروع کی تو سدرن پنجاب کے عمر خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 42 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ بلوچستان کی پوری ٹیم 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔بسم اللہ خان 38 اور ایاز تصور36 رنز بنائے ۔ اسپنر عمر خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اسی طرح اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں سندھ نے دانش عزیز اور حسان کی شاندار کارکردگی کی بدولت خیبرپختونخوا کو 4 وکٹوں سے ہرادیا۔ سندھ نے 276 رنز کا مطلوبہ ہدف 10 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔