ٹیم کو بابر اعظم کے بغیر بھی جیتنے کی عادت ڈالنی چاہیئے،یونس خان

397

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کو بابراعظم کے بغیر بھی جیتنے کی عادت ڈالنی چاہیے، پاکستان میں انٹریشنل کرکٹ واپس آرہی ہے، دنیا کی ٹاپ کرکٹ ٹیموں کا پاکستان آنا نیک شگون ہے، نوجوان کھلاڑیوں کو اعتماد کرکے انہیں مواقع اور وقت دینا ہوگا۔ بدھ کے روز ویڈیو پریس کانفرنس کے دوران یونس خان نے کہا کہ پاکستان کو کراچی ٹیسٹ میں جنوبی افریقاکے خلاف ہوم کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا’ نئے کھلاڑیوں کو اعتماد دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ان فٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم ناکام ہوگئی’ اگر بابراعظم حتمی الیون کا حصہ نہ ہوں تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ٹیم ہار جائے،ہمیں کھلاڑیوں کوبابر اعظم کے متبادل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی وکٹ ہمیشہ سپورٹنگ رہی ہے جہاں بلے بازوں اور بولرز کو یکساں مدد کرے گی۔ وکٹ پر گیند ا سپن ہوتی ہے اور شام کو سوئنگ بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔ یونس خان نے کہا کہ پاکستان کو پہلی اننگز میں اچھی بیٹنگ کرکے لمبا ا سکور کرنا ہوگا۔ ٹیسٹ میچ میں کامیابی کیلئے 6 سے 7 سیشن جیتنا ضروری ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں پر بھروسہ کرکے انہیں مواقع اور وقت دینا ہوگا، عدم کارکردگی پر انہیں ٹیم سے الگ کرکے ضائع نہیں کریں گے بلکہ انہیں مزید مواقع ملیں گے۔ یونس خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کوبھرپور محنت کرنی ہوگی، کارکردگی کا انحصار خود کھلاڑی کی محنت پر ہوتا ہے، کوچ صرف رہنمائی کر سکتا ہے، زیادہ تجربات شیئر کرنے سے بھی کھلاڑی ڈبل مائنڈڈ ہو جاتے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے، بطور بیٹنگ کوچ مجھ پر بھی تنقید کی جائے اور خامیاں سامنے لائیں لیکن ذاتی بنیاد پر تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ اچھی کارکردگی دکھانے پرکھلاڑیوں اور کوچز کو بھی پزیرائی ملنی چاہیے۔ یونس خان نے کہا کہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ پاکستان میں انٹریشنل کرکٹ واپس آرہی ہے، دنیا کی ٹاپ کرکٹ ٹیموں کا پاکستان آنا نیک شگون ہے، یہ وقت ڈومیسٹک نظام پر باتیں کرنے کا نہیں، فتح اور اچھے نتائج کے لیے قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیئے۔