کراچی ٹیسٹ ،سیکورٹی کی حکمت عملی تیار قومی ٹیم آج پریکٹس کا آغاز کرے گی

377

کراچی (سید وزیر علی قادری)قومی کرکٹ ٹیم 14سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی جنوبی افریقاکی ٹیم کے خلاف ہوم سیریز کی تیاری کیلئے آج سے ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم جمعرات سے نیشنل ا سٹیڈیم کراچی میں دوپہر ایک بجے ٹریننگ کا آغاز کرے گی۔ اس سلسلے میں سیکورٹی کے انتظامات کو آخری شکل دی جارہی ہے اور گزشتہ روز ہونے والی ریہرسیل بھی اس کا حصہ تھی۔ جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے مینجمنٹ نے 11رکنی پلئینگ ٹیم کو حتمی شکل دے دی ہے تاہم اس کا باقاعدہ اعلان میچ کے آغاز سے کیا جائے گا جو 26جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے۔ اس سلسلے میں قومی ٹیم کے کھلاڑی کراچی میں آج پریکٹس سے مہمان ٹیم کے خلاف کھیلنے سے قبل اپنی خامیوں کو دور کرے گی۔ ہر سیشن کے اختتام پر ا سکواڈ میں شامل ایک رکن ورچوئل پریس کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ قومی کپتان بابراعظم ورچوئل پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ بھی کلیئر قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے تمام ارکان کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے نتائج بھی کلیئر آگئے، لہٰذا قومی اسکواڈ آج دوپہر ایک بجے سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ سیشن کا آغاز کرے گا۔ اس سے قبل قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے دونوں ٹیسٹنگ کے نتائج بھی منفی آئے تھے۔ 30جنوری تک ٹیسٹ میچ میں کھیل کا آغاز صبح 10 بجے ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4سے 8 فروری راولپنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم اپنے طور پر جس ہوٹل میں قیام پزیر ہے اس سے ملحقہ کراچی جمخانہ میں پریکٹس اور فٹنس سیشنز میں مصروف ہے اور امید ہے کہ وہ 24جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 2روزہ پریکٹس کرے گی۔ واضح رہے کہ مہمان ٹیم قومی ٹیم کیخلاف2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے علاوہ 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی جس کا پہلا میچ 11 فروری کو کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 13 فروری کو کھیلا جائے گاجبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 14فروری کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز قذافی ا سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔