براڈ شیٹ سے متعلق حکومت عوام کے سامنے حقائق لائے، کاشف شیخ

150

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت دوسروں پر کیچڑ اچھالنے اور چور چور کا شور مچانے کے بجائے براڈ شیٹ معاملے پر اصل حقائق عوام کے سامنے پیش کرے،عمران خان کی حکومت براڈ شیٹ کیس میں محض اس لیے الجھ گئی کہ اس نے پورے ملک کا نظام مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے چند لیڈروں کے احتساب کے خاطر معطل کرکے رکھ دیا ہے،وہ اور ان کی ٹیم ملک کی ہر خرابی کا ملبہ شریف برادران یا زرداری خاندان پر ڈالنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے براڈ شیٹ معاملے پر 3 رکنی کمیٹی قائم کی ہے 48 گھنٹے میں رپورٹ کا وعدہ ہے لیکن پہلے قوم کو بتایا جائے کہ اس سے پہلے کی رپورٹوں اور نوٹسوں کا کیا بنا۔ جب وزیراعظم نے پیٹرولیم مافیا کے خلاف نوٹس لیا اور کہا کہ مافیا کو نہیں چھوڑوں گا، لیکن جب اس مافیا نے پیٹرول سستا ہونے کے باوجود غائب کر دیا تو انہوں نے کیا کر لیا۔ تعلیم، تجارت، توانائی، ریلویز، پیٹرولیم، آٹا، چینی، ڈالر ہر معاملے میں حکومت نے تباہی پھیلا رکھی ہے۔ کسی چیز پر حکومت کی گرفت تو کجا حکومت کی موجودگی کا شائبہ بھی نہیں ہوتا جس کی وجہ سے ہر شعبے میں انارکی ہے اور بدنظمی عروج پر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ عدالت عظمیٰ پاناما اسکینڈل کی طرح براڈشیٹ معاملے پر ازخود نوٹس لے کر شفاف انکوائری کے ذریعے اس معاملے میں ملوث لوگوں کا کڑا محاسبہ کرے، حکومت عوام کو براڈشیٹ،نیب کی نااہلی اور جھوٹی رپورٹوں میں مزید الجھانے کے بجائے اشیائے خورونوش ،پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کرکے مہنگائی کے مارے عوام کو حقیقی ریلیف دیا جائے۔