سندھ حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہوگئی، جماعت اسلامی

295

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ضلع کشمور سمیت سندھ میں اغوا برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے عوام کو سخت پریشان اور ان کے اندر تحفظ کا احساس بڑھا دیا ہے۔ نصف ماہ گزر جانے کے باوجود شیر گڑھ سے اغوا ہونے والے مغوی کی تاحال عدم بازیابی ضلعی انتظامیہ و سندھ حکومت کی نا اہلی و ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیر گڑھ کے مغوی علی خان جعفری کی تا حال عدم بازیابی کے خلاف متاثرین کے انڈس ہائی وے پر دیے گئے دھرنے سے خطاب کے دوران کیا۔ جماعت اسلامی سندھ کے رہنما نے مغوی علی خان جعفری کی جلد بازیابی ،ضلعے میں امن و امان کی بحالی اور جرائم کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کشمور میں پسماندگی، غربت و افلاس، تعلیم کے فقدان کے بعد امن و امان کی خراب صورتحال نے شہریوں کی معمول کی زندگی مفلوج کر کے رکھ دی ہے ۔ آئی جی اوروزیراعلیٰ سندھ واقعے کا نوٹس لے کرعوام کے اندرعدم تحفظ کا احساس ختم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔