استنبول چیمبر ،ایمپلائرز فیڈریشن کے مابین سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

456

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی) اور ترکی کے استنبول چیمبر ( آئی سی او سی ) نے پاکستان کے مائننگ اور کیمیکلز سیکٹر میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا ہے جس کے تحت ای ایف پی ترکش تاجروں، سرمایہ کاروں کو مذکورہ شعبوں میں دستیاب تجارت وسرمایہ کاری کے دستیاب مواقع کے بارے میں آگاہی فراہم کرے گا جبکہ استنبول چیمبر بھی ترکش تاجروں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرے گا۔ اس حوالے سے استنبول چیمبرز آف کامرس کے زیر اہتمام پاکستان کے مائننگ اور کیمیکل سیکٹر کے شعبوںمیں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کے لیے ویبنار کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان سے ای ایف پی کے صدر اسماعیل ستار، سابق سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا ، بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سی ای او فرمان اللہ زرغون، ترکی کے پاکستان کے قونصل جنرل بلال پاشا، استنبول چیمبرکے نائب صدر اسرافیل کورالے نے شرکت کی۔صدر ای یف پی صدر اسماعیل ستار نے پاکستان کے مائننگ اور کیمیکل سیکٹر کے شعبوںمیں تعاون کے مواقع تلاش کرنے، بلوچستان میں تجارت اور سر مایہ کاری کے تناظر میں ویبنار کے انعقاد پر آئی سی او سی کے نائب صدر اسرافیل کورالے سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو قدرت نے 92 اقسام کی معدنیات سے نوازا ہے تاہم یہ بات افسوس کا باعث ہے کہ پچھلے 70 سالوں میں اس شعبے میں حقیقی ترقی اور پیشرفت نظر نہیں آئی۔سابق سیکرٹری خزانہ یونس ڈھاگا نے ای ایف پی کے خام معدنیات کو ویلیو ایڈڈ کیمیکلز میں تبدیل کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ لامحدود معاشی نمو اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ترکی اور پاکستان کے مابین ایک دیرپا اور شاندار تعلقات کی تشکیل کا آغاز ہے۔