محمودآباد کی مرکزی سڑک کی مرمت، علاقے کا اہم مسئلہ حل ہوگیا

227

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ محمود آباد کی مرکزی سڑک کی مرمت و استرکاری سے اس علاقے کا اہم مسئلہ حل ہوگیا ہے جبکہ شہید ملت روڈ کے اطراف ہر قسم کے کچرے اور ملبے کو اٹھانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ،کراچی میں جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی آمد اور ٹیسٹ میچ شروع ہونے کے پیش نظر شارع فیصل پر ائرپورٹ سے لے کر میٹروپول چوک تک اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی کردی ہے جس سے اس اہم ترین شاہراہ پر رات کے اوقات میں سفر میں سہولت ملے گی، یہ تمام کام بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ ورکس اینڈ سروسز اپنی مشینری اور عملے کی مدد سے انجام دے رہا ہے تاکہ شہر کے موجودہ انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا جاسکے، محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے تحت جاری مرمت و بحالی کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ محمود آباد کی مرکزی سڑک انتہائی خستہ حالت میں تھی اور جگہ جگہ گڑھے پڑنے کی وجہ سے مسلسل حادثات کا امکان رہتا تھا لہٰذا اس سڑک کو ہموار کرنے کے بعد استرکاری کردی گئی ہے جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے۔