کیماڑی میں گیس سے ہلاکتیں‘ایس ایس پی انوسٹی گیشن طلب

236

کراچی( اسٹاف رپورٹر)کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے ہلاکتوں کا واقعہ عدالت نے 11 فروری کو ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو طلب کرلیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے ہلاکتوں سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ لوگ مررہے ہیں ، پانچ سو لوگ متاثر ہوے ، دوہفتے پہلے بھی دو بندے مرگئے،آپ لوگ کے پی ٹی کو بچانا چاہتے ہیں ؟عدالت نے مقدمہ اے کلاس کرنے پر تشویش کا اظہار کیا تفتیشی افسر کا عدالت میں کہنا تھا کہ ایک بندے کا پوسٹ مار ٹم ہوا ‘ہیروئن کی زیادہ مقدار سے موت واقع ہوئی، عدالت نے سیپا کی رپورٹ پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ ہمیں بتائیں لوگ کیوں مرے تھے ؟ چیز کتنی زہریلی تھی ؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی کی رپورٹ اہم ہے اس کا بھی جائز ہ لیا جائے ، عدالت کا کہنا تھا کہ اس میں بھی کچھ نہیں ملے گا ، واقعہ کے اتنے عرصہ بعد نمونے لیں گے تو کیا ملے گا؟ کے پی ٹی کے وکیل کا کہنا تھا کہ کے پی ٹی کی حدود میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ،عدالت کا کہنا تھا کہ لوگ متاثر تو وہیں ہوئے ظاہر ہے اسپتال میں جا کر انتقال ہوا ہوگا،واقعہ 16 کو ہوا اور آپ نے دو دن بعد نمونے لیے کس کی ذمے داری تھی ؟آپ بتائیں کیوں ہلاکتیں ہوئی ہیں ؟ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ فییومیگیشن کی بھی اطلاع ہے اس سے زہر پھیلا تھا ، عدالت کا کہناتھا کہ فیومیگیشن میں ضابطوں کا کتنا خیال رکھا گیا یہ دیکھنا ہوگا ، عدالت نے 11 فروری کو ایس ایس پی انوسٹی گیشن کو طلب کرلیا ۔