سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان کا دورہ قطر

263

اسلام آباد ( آن لائن) سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے اپنے 3 روزہ دورہ قطر کے دوران قطر کی عسکری افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل (پائلٹ) غانم بن شاہین الغانم اور سربراہ قطری بحریہ وائس ایڈمرل عبداللہ حسن ال سلیطی سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ نے العدید ائر بیس پر قطر امیری فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل(پائلٹ) سالم حامد عقیل النابت سے بھی ملاقات کی۔ عقیل النابت نے قطر فضائیہ کے افراد کی تربیت کے لیے پاک فضائیہ کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے JF-17 پروگرام کی کامیاب پیشرفت کی بھی تعریف کی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے قطر امیری فضائیہ کی کامیاب آپریشنل تیاریوں کو سراہا اور اپنے ہم منصب کو پاک فضائیہ کی طرف سے بالخصوص تربیت کے شعبے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں سربراہان نے باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پراتفاق کیا۔