پاکستانی ہندوؤں کے قتل کیخلاف ہندو کمیونٹی کا بھارتی ہائی کمیشن پر احتجاج

246

اسلام آباد(صباح نیوز) بھارت میں 11 پاکستانی ہندئووں کے قتل کے معاملے پر ورثا نے بھارتی ہائی کمیشن میں یادداشت پیش کر دی ،ورثا نے باقیات کی واپسی اور انصاف کی فراہمی کے لیے یادداشت بھارتی ہائی کمیشن میں جمع کرائی۔ رکن قومی اسمبلی رمیش کمار کی قیادت میں ورثا نے یادداشت بھارتی ہائی کمیشن حکام کو پیش کی۔ورثا کا کہنا تھا کہ 11پاکستانی ہندئووں کے قتل کے واقعے کو 6ماہ گزر چکے ہیں مگر بھارت کوئی جواب نہیں دے رہا۔ بھارت میں 11پاکستانی ہندو شہریوں کے قتل کے خلاف اسلام آباد میں احتجاج کیا گیا، ہندو کمیونٹی کا وزارت خارجہ کے باہر بھارت کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی، مظاہرین نے عالمی اداروں سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اقلیتی برادری کے ساتھ ہے، حکومت نے معاملے کو بھارت کے ساتھ اٹھانے کا وعدہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگست سے اب تک متاثرین کے لیے انصاف کے منتظر ہیں، ہندو برادری بھارتی ہائی کمیشن جانا چاہتی ہے، بھارتی حکومت ہمارے پیاروں کی باقیات حوالے کرے۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں قتل کیے گئے 11 پاکستانی ہندئووں کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کے لیے پاکستان کی حکومت، دفتر خارجہ ہر ممکن کوشش کرے گا۔شاہ محمود قریشی نے بھارت میں 11 پاکستانی ہندئووں کے قتل پر اسلام آباد میں ہندو برادری کے احتجاج کے دوران پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رمیش کمار سے ملاقات کی اور اس دوران میڈیا سے گفتگو بھی کی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم آپ کے اور ان متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، جو اموات ہوئیں ان کا تعلق ہندو برادری سے تھا اور وہ پاکستانی تھے، تاہم بدقسمتی سے ہمیں جو تعاون درکار تھا وہ بھارت سے نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ جو معلومات ہم ان سے مانگنا چاہتے تھے اور مانگتے ہیں وہ ہمیں اس تفصیل سے نہیں بتاتے کیونکہ لگتا یہ ہے کہ کوئی رازداری اور پردہ پوشی ہے اور وہ حقائق کو صحیح ظاہر نہیں کرنا چاہتے، کیونکہ جب حقائق ظاہر ہوتے ہیں تو وہ بے نقاب ہوتے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ظلم ہوا ہے اور ہم اس ظلم کا حساب چاہتے ہیں اور پاکستان کی حکومت، دفترخارجہ ہر ممکن کوشش کرے گا کہ آپ کو انصاف ملے، جس دروازے پر بھی آپ دستک دینا چاہتے ہیں آپ ہمیں ساتھ پائیں گے۔