غلام نبی شیدا مزاحمتی صحافت کا اہم باب تھے‘صلاح الدین

262

مظفرآباد(صباح نیوز)حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے معروف صحافی غلام نبی شیدا مزاحمتی صحافت کی تاریخ کا اہم باب تھے‘ان کی جدائی یقینا تکلیف دہ ہے کیو نکہ ایسے لوگوں کا پھر صدیوں تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ان خیالات کا اظہار حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین احمد نے ایک بیان میں کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرحوم غلام نبی نے ہمیشہ اپنے قلم سے مظلوم و محکوم کشمیریوں کی ترجمانی کی ‘ان کی صحافتی زندگی کا احاطہ کیا جائے تو اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ وہ ایک نڈر اور بے باک صحافی تھے۔ انہوں نے اپنے صحافتی دورکے دوران حق اور سچ کی شمع جلانے کی پاداش میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں،لیکن ہمت نہ ہاری‘ ان کی جدائی مزاحمتی صحافت و ادب کے لیے ایک بڑا نقصان ہے ۔ حزب سربراہ نے مرحوم کی جنت نشینی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔