سندھ پولیس: 199 اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

296

کراچی: گزشتہ 4 روز کے دوران سندھ پولیس کے اہلکاروں میں کورونا وائرس کے مزید 199 مثبت کیسز سامنے آ گئے جبکہ کورونا کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران 23 پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  سندھ پولیس میں گذشتہ4 روز کے دوران کوروناوائرس کے 199 مثبت کیسز سامنے آگیے ہیں اور ان نئے 199 کیسز کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ سندھ پولیس کے افسران و جوانوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 246 ہوگئی۔

کورونا وائرس کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران اب تک 23 پولیس افسران و جوان شہید ہوچکے ہیں جبکہ زیرِ علاج افسران اور جوانوں کی تعداد 614 ہے۔

سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک 4 ہزار 609 افسران اور جوان کورونا وائرس سے صحت یاب ہو کر اپنے گھر جا چکے ہیں جبکہ  ترجمان سندھ پولیس کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ اہلکاروں کا مکمل طور پر خیال رکھا جارہا ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات جاری ہیں۔

ترجمان سندھ پولیس کے اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کی وباء کے خلاف ہر اوّل دستے کے طور پر کام کرنے والے افسران اور جوان خدمتِ انسانیت کے لیے انتہائی پر عزم اور بلند حوصلہ ہیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 37 ہزار 308 ہوگئی ہے اور فحال کیسز کی تعداد 18 ہزار 377 ہے اور صوبے میں 3 ہزار 830 اموات ہوچکیں ہیں اور 2 لاکھ 15 ہزار 101 مریض صحت یاب ہوئے۔