مسافروں کو سہولیات نہ دینے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے عہدے سے برطرف

868

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے ایئرپورٹ دورے کے دوران امیگریشن عملے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد ڈاکٹر معین مسعود کو عہدے سے ہٹادیا۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور ڈی جی پاسپورٹ امیگریشن کے ہمراہ ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے امیگریشن عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور مسافروں سے بات چیت کی۔ وزیر داخلہ نے امیگریشن اسٹاف کی طرف سے مسافروں کو سہولیات فراہم نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور اس کا ذمہ دار ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون کو قرار دیا۔

وزیرداخلہ نے فوری طور پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کرنے کے احکامات جاری کئے، جس پر عمل کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے ڈاکٹر معین مسعود کی خدمات اسٹیبلشمنٹ کو واپس کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔