پی ٹی آئی فنڈنگ کیس: اسکروٹنی کمیٹی ناکام

457

اسلام آباد: تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس کے درخواست گزار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی پر عدم اعتماد اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی فنڈنگ کیس پر بنائی گئی اسکروٹنی کمیٹی ناکام ہوگئی ہے۔

اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کے اجلاس کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نے 13اگست کو جعلی دستاویزات ہمارے سامنے رکھیں جس کے بعد سےہم نے کمیٹی کی شفافیت پر پہلے دن سے تحفظات کا اظہار کیا،جب ہم نے تحفظات کا اظہار کیا تو کمیٹی نے واک آؤٹ کا راستہ اختیار کیا جبکہ الیکشن کمیشن نے ہمارے اعتراضات کو درست قراردیا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کمیٹی کو کہا کہ دستاویزات کی تصدیق کریں،پی ٹی آئی کے23اکاؤنٹس ہمارے سامنے بھی نہیں رکھے گئے، اسکروٹنی کمیٹی درست طریقے سے کام نہیں کررہی ،میٹنگز سے کچھ نہیں ہوگا عملی اقدامات کیے جائیں۔

اکبر ایس بابر نے مزید کہاکہ تمام ریکارڈالیکشن کمیشن کے حوالے کیے جائیں،چیزوں کو خفیہ رکھا جارہاہے،غیر ملکی فنڈنگ چھپائی جارہی ہے،فنڈنگ کیس قومی مفاد کا کیس ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان لندن کے اکاؤنٹ سے فنڈریزنگ کرتے ہیں،جس کے بینک اسٹیٹمینٹس منگوانے پر لیت ولعل سے کام لیا جارہاہے،اسکروٹنی کمیٹی حقائق چھپارہی ہے، جس کے بعد ہم نے عدم اعتماد کیا ہے۔

اکبر ایس بابر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے شوگر کمپنیوں کے خلاف آڈٹ نہیں کرایا،سیاسی جماعتوں کو غیر ملکی فنڈنگ  ایک مقصد کے تحت کی جاتی ہے۔