حکومت کی قومی سلامتی پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلیے کوئی کوشش نہیں

559

لاہور:نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے قومی سلامتی کے اہم ترین امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جارہی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ 5 فروری کو ملک بھر میں یکجہتی کشمیر کے فقید المثال مظاہرے کیے جائیں گے، مسئلہ کشمیر آر پار کے فیصلہ کن مرحلہ پر ہے،پاکستانی عوام کا بہادر کشمیریوں کے ساتھ حق خود ارادیت کے لیے غیر متزلزل دینی قومی اور انسانی رشتہ ہے ۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہاکہ3 فروری کو اسلام آباد میں قومی کشمیر کانفرنس منعقد کر نے کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا، قومی سیاسی دینی قیادت ، آزاد جموں و کشمیر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس اور قومی سماجی شخصیات کو دعوت دی جارہی ہے،مسئلہ کشمیر قومی مسئلہ ہے، قومی اتفاق رائے کے لیے بلاامتیاز سب کو دعوت نامہ دیا جائے گا ۔

لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر، افغانستان کی صورتحال، اقتصادی بدحالی کے کنٹرول پر قومی لائحہ عمل نہیں بنایا جارہا، جس سے ملک کو سراسر نقصان ہے ۔