جماعت اسلامی کا’’ جاگ میرے لاہور ‘‘مہم کے شیڈول کا اعلان

292

لاہور( نمائندہ جسارت )امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد کی زیر صدارت ’’اب جاگ میرے لاہور‘‘ مہم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف ، کنوینر محمود الاحد چودھری ، جے آئی یوتھ لاہور کے صدر صہیب شریف او ردیگر نے شرکت کی اور آئندہ کے احتجاجی مظاہروں کے شیڈول کا اعلان کیا ۔امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہاکہ 21 جنوری کووسطی لاہور ، 24 کو جنوبی لاہور ، 29کوغربی لاہور اور 31 جنوری کو شرقی لاہور میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔ لاہور میں کوڑاکرکٹ کے ڈھیر ، ناقص صفائی ، سیوریج کی بندش سے گلیوں بازاروں میں جمع گند ے پانی سے اہل لاہور کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک کی ناکام ترین حکومت ثابت ہوئی ہے ۔ پنجاب حکومت اپنے ڈھائی سالہ دور حکومت میں دوموریہ پل کی تعمیر و مرمت مکمل نہیں کرا سکی تو پورے شہر کے ٹریفک اور دیگر مسائل کیسے حل کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت صرف زبانی جمع خرچ کر کے ترقی کے ہوائی قلعے تعمیر کر رہی ہے ۔ پھولوں ، باغوں کے شہر کو کوڑا کرکٹ کی آماجگاہ بنانے والے حکمرانوں کا محاسبہ عوامی سطح پر جاری رکھیں گے ۔ قیصر شریف نے کہاکہ لاہور شہر میں اب بھی 50 ہزار ٹن کچرا بیک لاگ میں موجود ہے ۔ شہر کے حوالے سے زیرو ویسٹ کی بات کرنا مذاق کے سوا کچھ نہیں ۔لاہور میں روزانہ تقریباً 6 ہزار ٹن کچرا پیدا ہورہاہے جس کو اٹھانے کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں ۔صوبائی حکومت اور شہری انتظامیہ میڈیا پرکچھ خبروں کے ذریعے عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتی ۔ قیصر شریف نے کہاکہ جماعت اسلامی لاہور کی’’ شہری حقوق مہم‘‘ حکومت کو مجبور کرے گی کہ وہ مسائل کا حل کرتے ہوئے اپنی ذمے داری پوری کرے ۔