کورونا سے 58ہلاک،1243صحت یاب، ویکسین کیلیے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنیکا فیصلہ

156

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ مانیٹرنگ ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید58 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 1243 صحت یاب ہوئے۔ سندھ حکومت نے ویکسین کی خریداری کے لیے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 36 ہزار 513 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد 74 لاکھ 42 ہزار 84 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں مزید ایک ہزار800 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 23 ہزار 11 ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 35 ہزار485 ہوگئی۔ کورونا سے مزید 58 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 11 ہزار 55 ہوگئی ہے۔مزید ایک ہزار 243 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 76 ہزار 471 ہوگئی ہے۔ دریں اثنا کورونا ویکسین کے حصول کے حوالے سے قائم کابینہ کی کمیٹی کا کہنا ہے کہ وائرس کی مزید 2 ویکسین کی منظوری کے لیے اقدامات کو تیز کیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا ویکسین کے حصول کے حوالے سے قائم کابینہ کی کمیٹی نے انہیں بریفنگ دی۔ کمیٹی ارکان نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ چند دنوں میں2 ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی گئی ہے اس کے علاوہ مزید ویکسینز کی منظوری کے لیے اقدامات کو تیزکیا جا رہا ہے‘ منظور شدہ2 ویکسین کے حصول کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اس سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ علاوہ ازیں سندھ حکومت نے کورونا ویکسین خریدنے کے لیے ایمرجنسی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے رواں سال ابتدائی طور پر ڈیڑھ ارب روپے مختص کیے جائیں گے۔ میڈیا کے مطابق سندھ نے برطانوی کورونا ویکسین بنانے والی ایسٹرا زینیکا اور چینی کمپنی سائنو فارم سے رابطہ کرلیا ہے‘ پہلے مرحلے میں سندھ کے ایک لاکھ 25 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔ اس حوالے سے وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے کورونا ویکسین حاصل کرنے میں تاخیر کی جا رہی ہے‘ کئی ممالک میں لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے لیکن وفاق اب تک خریداری کے منصوبے بنا رہا ہے‘ سندھ میں 60 سال سے زیادہ عمرافراد کے لیے آن لائن پورٹل قائم کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ24 گھنٹے کے دوران سندھ میں مزید 17 مریضوں کی اموات ہو ئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 3830 تک پہنچ گئی ہے اور11208 نمونے ٹیسٹ کیے جانے پر 778 نئے کیسز سامنے آئے‘ اب تک2598871 ٹیسٹ کرائے گئے ہیں جن کے نتیجے میں 237308 کیسز کا پتہ چلا ہے ۔