کورونا: یو اے ای کا اسرائیل کے ساتھ ویزہ فری معاہدہ معطل

496

یروشلم: متحدہ عرب امارات ( یو اے ای) نے اسرائیل کے ساتھ حالیہ طے پانے والا ویزہ فری معاہدہ یکم جولائی تک معطل کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے فری ویزہ معاہدے کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے عارضی پابندی عائد کی ہے۔

یو اے ای کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے، یکم جولائی تک صورتحال کو دیکھا جائے گا جس کے بعد ویزہ فری معاہدہ پر دوبارہ عمل درآمد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہو گا۔

معاہدے کی معطلی کے بعد اب اسرائیلی شہریوں کو یو اے ای آنے کے لئے ویزہ حاصل کرنا پڑے گا اور اسی طرح یو اے ای کے شہریوں کو بھی اسرائیل کے سفر کے لئے پیشگی ویزہ لینا ہو گا۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان تعلقات قائم کرنے کا معاہدہ 15 ستمبر کو ہوا، جس کے بعد ہزاروں اسرائیلی شہریوں نے یو اے ای کا رخ کیا تھا۔