‘آج قوم چور مچائے شور کا عملی مظاہرہ دیکھے گی’

273

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ آج قوم چور مچائے شور کا عملی مظاہرہ دیکھے گی، قوم اب ان جماعتوں سے چند سوال کا جواب چاہتی ہے۔

پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن آفس کے باہر احتجاج پر مراد سعید نے کہا کہ زرداری اورشریف خاندان نے سیاسی جماعت کوبھی اپنے دھندے کیلئے استعمال کیا، پارٹیز کو فرنٹ کمپنی بنایا جہاں کرپشن کک بیکس کا پیساآتا اور منی لانڈرنگ ہوتی رہی۔

مراد سعید نے کہا کہ ستمبرمیں فیصلہ آیا کہ ن لیگ اور پی پی نے فارن فنڈنگ کا رکارڈ اور رسیدیں نہیں دکھائیں، الیکشن کمیشن نے 6 ہفتوں کا وقت دیا لیکن وہ ڈیڈ لائن بھی گزرگئی رسیدیں نہیں آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ابھی تک فارن فنڈنگ اورممنوعہ فنڈنگ نہ لینے کاسرٹیفکیٹ کیوں نہیں دیا؟ کیا لندن اور امریکا میں بنائے جانے والی کمپنیوں کے سامنے آنے کا ڈر ہے؟ کیا سرکاری ٹھیکوں میں لیےجانےوالے کمیشن اورکرپشن کا منظرعام پرآنے کا ڈرہے؟

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رسیدیں ہیں نہیں تو الیکشن کمیشن سے این آر او مانگنے کیلئے ڈرامہ کیا جارہا ہے،ہم فارن فنڈنگ کا جواب لے کر رہیں گے، رسیدیں تو دینی پڑیں گی۔