سندھ حکومت کا خود ہی کرونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ

320

کراچی: وفاق سے ملنے والی ویکسین کا انتظار کرنے کے بجائے سندھ حکومت نے خود ہی کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کیلئے سندھ حکومت نے کورونا ویکسین خریدنے کیلئے ایمرجنسی فنڈ قائم کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی خریداری کے لیے برطانوی کورونا ویکسین بنانے والی ایسٹرا زینیکا اور چینی کمپنی سائنو فارم سے رابطہ کرلیا ہے، اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے ایمرجنسی فنڈ قائم کردیا ہے۔

حکومت سندھ نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی خریداری کے لیے ڈیڑھ ارب روپے سے فنڈ قائم کردیا، پہلے مرحلے میں سندھ کے ایک لاکھ 25 ہزار فرنٹ لائن ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔

اس حوالے سے وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ وفاق کی جانب سے کورونا ویکسین حاصل کرنے میں تاخیر کی جارہی ہے، دنیا کے کئی ممالک میں لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے لیکن وفاق اب خریداری کی منصوبے بنارہا ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں 60 سال سے زیادہ عمرافراد کیلئے آن لائن پورٹل قائم کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ویکسین پہلے ہیلتھ کیئر ورکرز کو دی جائے گی۔