پی ڈی ایم احتجاج: وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم

260

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج پروزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے.

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) قیادت فارن فنڈنگ کیس میں تاخیر کے خلاف آج الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج کرے گی، پی ڈی ایم کے احتجاج پر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزارت داخلہ میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے.

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے الیکشن کمیشن کے باہر صورتحال کو خود مانیٹر کرنے کا فیصلہ کیا اور سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہر میں امن وامان بحال رکھنے کیلئے ہر چیز پر نظررکھی جائے گی.

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدرمریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کشمیر چوک سے ریلی کی قیادت کریں گے جبکہ  پی پی چیئرمین بلاول بھٹواحتجاج میں شریک نہیں ہوں گے.

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی، پنجاب رینجرز کی دو پلاٹون نے عمارت کو حصار میں لے لیا اور الیکشن کمیشن کے اردگرد خاردار تاریں لگادی گئیں ہیں جبکہ مرکزی راستہ بند کردیا گیا ہے تاہم پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی کی خواتین اہلکار الیکشن کمیشن کے باہرتعینات کردی گئیں ہیں.