بے بس الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات نہیں کراسکا، سربراہ پی ڈی ایم

417

اسلام آباد: پاکستان موومنٹ ڈیموکرٹیک  ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ پہلے یہ حکومت ناجائز تھی پھر یہ نالائق بھی ثابت ہوئی اور اب پوری پارٹی کا ٹبر چور ثابت ہوگیا ہے۔

الیکشن کمیشن آفس کے باہر پی ڈی ایم کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ  آج بھی 2018کےالیکشن کو مسترد کرنے کے موقف پر قائم ہیں، بے بس الیکشن کمیشن منصفانہ انتخابات نہیں کراسکا۔

سربراہ پی ڈی ایم کا مزید کہنا تھا کہ قوم پر ڈفلی بجانے والے کو مسلط کیا،جس نے اسرائیل اور بھارت سے پیسے لے کر الیکشن لڑا،عمران خان نے 23اکاؤنٹ کو خفیہ رکھا جس میں باہر سے آمدنی آتی ہے، وزیر اعظم نے الیکشن کمیشن میں 50درخواستیں مقدمہ ملتوی کرنے کے لیے جمع کرائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ 5فروری کو کشمیریوں سے یکجہتی کے لیے راولپنڈی میں مظاہرہ کیا جائے گا، اس حکومت نے مودی کے ہاتھوں کشمیر کو فروخت کیا، وزیر اعظم نے جھوٹ بول کر غیر ملکی فنڈنگ چھپائی۔

مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کے طلبہ عاقل بھی ہیں اور بالغ بھی ہیں، شیخ رشید بھی طلبہ کے دور میں ڈانس پارٹیوں میں شرکت کرتے تھے، دینی مدارس کے طلبہ پاکستان کے آئین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہتاہے لیکن حکومت چاہتی ہے دینی مدارس کے طلبہ کے ہاتھوں میں بندوق ہو۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہماری کاوشوں کی وجہ سے ہی دینی مدارس کے طلبہ نے بندوق چھوڑ کر کتاب کو ہاتھوں میں تھامہ ہے، پاکستان کی سیاست میں حصہ لے کر جمہوریت کو قائم کیا ہے۔