برسبین ٹٰیسٹ: نوجوان بھارتی ٹیم نے آسٹریلیا میں تاریخ رقم کردی

356

برسبین: بھارت کی ناتجربہ کار کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے شکست دیکر نئی تاریخ رقم کردی ہے۔

برسبین میں کھیلے جانے والے چار میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کو فتح کیلئے 328 رنز کا ہدف دیا تھا جو انڈیا نے سات وکٹوں کے نقصان پر میچ کے آخری سیشن میں اس وقت حاصل کیا جب محض تین اوورز کا ہی کھیل باقی تھا۔

قبل ازیں بھارت نے پانچویں روز اپنی دوسری اننگز بغیر کسی نقصان کے چار رنز پر شروع کی تو اسے آغاز میں ہی روہت شرما کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم پھر 21 سالہ انڈین اوپنر شبھمن گِل نے 91 رنز کی پراعتماد اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔

تجربہ کار بلے باز چیتیشور پجارا نے اپنی نصف سنچری سے انڈین لوئر مڈل آرڈر کو یہ موقع دیا کہ وہ آخری سیشن میں جارحانہ انداز میں کھیل کر کامیابی سے ہدف کا تعاقب حاصل کر سکیں۔ بھارت کی فتح میں اہم کردار وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنٹ کا رہا جنھوں نے آخری دم تک ہمت نہیں ہاری اور نصف سنچری بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ جاش ہیزل وڈ نے دو اور نیتھن لائن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

انڈین ٹیم کی فتح کی ایک اہم بات یہ ہے کہ اس سیریز کے چار میں سے تین میچوں کے لیے اسے اپنے ریگولر کپتان اور سٹار بلے باز ویرات کوہلی کی خدمات حاصل نہیں تھیں، جو اپنی بیٹی کی پیدائش کی وجہ سے انڈیا واپس چلے گئے تھے۔

اس سیریز میں انڈین ٹیم کو اہم کھلاڑیوں کے انجریز کا شکار ہونے کی وجہ سے بھی مشکلات درپیش رہیں اور آخری دو ٹیسٹ میچوں میں ایک نوجوان مگر ناتجربہ کار ٹیم میدان میں اتاری گئی۔ تاہم برسبین ٹیسٹ میں یہ نوجوان کھلاڑی مینجمنٹ کی امیدوں پر پورے اترے۔

میچ ختم ہونے کے فورا بعد انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے سوش میڈیا پر اپنے کھلاڑیوں کے لیے پانچ کروڑ روپے انعام (ٹیم بونس) کا اعلان کیا ہے۔