کراچی: گیس پریشر میں کمی، گھریلو صارفین پریشان

323

کراچی: شہر قائد میں گیس پریشر میں کمی اور مختلف علاقوں میں عدم فراہمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گھریلو صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسم نے ایک بار پھر اپنا رویہ تبدیل کرلیا ہے اور شہر میں دو روز کے دوران درجہ حرارت نیچے آگیا ہے، ایسے میں شہر کے کئی علاقوں میں گیس پریشر میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ کئی علاقوں میں علی الصبح گیس کی فراہمی بند ہوئی، جس کے باعث ناشتے کی تیاری اور کھانا پکانے میں شدید دشواری پیش آرہی ہے۔

واضح رہے گیس پریشر میں کمی کے باعث ناظم آباد، ایف بی ایریا ،نارتھ کراچی ،ملیر ،لانڈھی ،کورنگی، صفورا ،گلستان جوہر ،شاہ فیصل ،گلشن اقبال کےعلاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ ابھی تک ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس پریشر میں کمی سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں ہوئے گیس بحران کے پیش نظر ،سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے پیر کے روز صبح 8 بجے سے تین دن کے لئےسندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز  کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔