سندھ اور بلوچستان کے دکھ درد ایک ہیں، محمد حسین محنتی

148

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ احساس محرومی سے لے کر پسماندگی اور بھوک و افلاس تک سندھ و بلوچستان کے دکھ درد ایک جیسے ہیں۔ کرپٹ قیادت اور کرپشن کی وجہ سے عام آدمی معمولی ریلیف سے بھی محروم ہے۔ تمام مسائل کا حل اور بحرانوں سے نجات صرف اسلام کے عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت سے ہی ممکن ہے۔ تعلق باللہ سب سے بڑی منزل ہے۔ اپنے سیرت و کردار کو بالاتر رکھنا
قیادت کی ذمے داری ہے۔ سنت رسولؐ کے مطابق مشکل ترین حالات میں بھی معاشرے میں دین کا نمائندہ بن کر استقامت کے ساتھ کھڑے رہنا چاہیے۔ اس ساری جدوجہد کا مقصد کوئی اور راضی ہو یا نہ ہو پر صرف اللہ کو ہر حال میں راضی رکھنا پیش نظر ہونا چاہیے۔ اسی ایمان کے حامل لوگوں کے لیے دنیا و آخرت میں کامیابی کی بشارت سنائی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں قیادت کے لیے تعلق بااللہ کی اہمیت کے موضوع پر بلوچستان کے ذمے داران کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی امیر بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی، قیم مولانا ہدایت الرحمن، نائب امرا محمد اسمٰعیل مینگل اور مولانا عبدالکبیر شاکر سمیت بلوچستان بھر کے امرا ، قیمین ، جے آئی یوتھ اور ہر سطح کے ذمے داران سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلق باللہ کی پہلی سیڑھی نماز قائم کرنا ہے۔ سب سے کٹ کر اللہ سے رشتہ جوڑا جائے بلکہ ہماری تمام دوستی و رشتے داریاں اور کاروبار سمیت زندگی کے تمام معاملات قرآن و سنت کے تابع ہونے چاہئیں۔ پوری قیادت کو آپؐ کی زندگی کا عملی نمونہ بننے کے لیے اللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ سے تعلق کمزور اور دنیا داری کی وجہ سے آج معاشرے میں انارکی اور بے برکتی بڑھ گئی ہے۔ اللہ کی راہ میں کھڑا رہنا بہت بڑا کام ہے ۔