سائبر کرمنلز بینکوں، آن لائن کاروبار کے لیے بڑا خطرہ ہیں

352

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایف پی سی سی آئی کے نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ سائبر کرمنلز مالیاتی اداروں اور آن لائن بزنس کے لیے بڑا خطرہ بن گئے ہیں۔ ان کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے عوام اور کاروباری برادری کا اعتماد متاثر ہو رہا ہے جبکہ ان سے نمٹنے والے اداروں کی کارکردگی مایوس کن ہے۔میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سائبر کرائمر میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جس سے کاروباری لین دین مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ مجرموں کو نادرا بینکوں اور ٹیلی کام کمپنیوں سمیت متعدد اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کا تعاون حاصل ہے جو انھیں صارفین کا ڈیٹا فروخت کرتے ہیں جس کی مدد سے یہ ہائی ٹیک مجرم لوٹ مار کرتے ہیں اور ملکی اداروں کے لیے انھیں ٹریس کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔کئی گروہ یونین کونسلوں سے ڈیٹا حاصل کرتے ہیں جبکہ کئی کو عوام کی ووٹر لسٹوں تک رسائی حاصل ہوتی ہے جس کی مدد سے وہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں۔