آئرلینڈ نے یو اے ای کو چوتھے ون ڈے میچ میں شکست دے دی

312

ابو ظہبی (جسارت نیوز) آئرلینڈ نے متحدہ عرب امارات کو چوتھے ون ڈے میچ میں 112 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1سے برابر کردی، سیمی سنگھ شاندار ففٹی اور 10رنز کے عوض 5وکٹیں حاصل کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، کرٹس کامفر کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ پیر کو شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے گئےآئرلینڈ اور یو اے ای سیریز کے چوتھے اور آخری ون ڈے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ آئرلینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 228رنز بنائے۔ آئرلینڈ کے ابتدائی بلے بازوں نے مایوس کن بیٹنگ کا مظاہرہ کیا،3 بلے باز 10کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کرٹس کامفر 56رنز اور سیمی سنگھ 54رنز کے ساتھ بہترین بلے باز رہے جبکہ ہیری ٹیکٹور اور لورکن ٹوکر 42رنز کی اننگز کھیلی۔ یو اے ای کی طرف سے ظہور خان نے 3، احمد رضا نے 2اور کاشف دائود نے 1کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ 229رنز کے ٹارگٹ کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم ناکام ثابت ہوئی۔
یو اے ای کا کوئی بلے باز آئرلینڈ کے بائولرز کا جم کر مقابلہ نہ کر سکااور 36 اوورز میں ہی پوری ٹیم 116 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ زوار احمد 28 رنز اور کاشف دائود 20رنز بنا سکے۔ آئرلینڈ کے آل رائونڈر سیمی سنگھ نے بیٹنگ میں اپنے جوہر دکھانے کے بعد بائولنگ میں بھی صرف 10 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے میں فتح دلا دی۔ سیمی سنگھ نے ون ڈے تاریخ کی 5ویں بہترین بائولنگ کی۔ کیون اوبرائن ، اینڈی میک برائن اور گیرتھ ڈیلانے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح آئرلینڈ نے 112 رنز سے فتح اپنے نام کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ سیمی سنگھ کو بہترین آل رائونڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ کرٹس کامفر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔