کاٹیج انڈسٹری کے کمرشل میٹرز کو صنعتی میٹرزمین تبدیل کیا جائے گا،نوید شیخ

493

کراچی (اسٹاف رپورٹر )نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی( نیپرا) کے ڈائریکٹر جنرل کنزیومر افیئرز نوید الہٰی شیخ نے کراچی کے صنعتکاروں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ صنعتی یونٹ شٹ ڈاؤن ہونے پر ٹرپی ایم ٹی ،سب اسٹیشن بند کرنے کی صورت میں چارجز وصول نہ کرنے کے لیے کے الیکٹرک سے بات کی جائے گی جبکہ کاروباری مقام پر آگ لگنے کی صورت میں ڈسٹری بیوشن کمپنی کے مطمئن ہونے پر عارضی طور پربجلی بھی بحال کی جاسکے گی۔ یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی)کے صدرفیصل معز خان، سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل اور ممبرشہاب علی اکرم پر مشتمل وفدسے اسلام آباد میں اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ڈی جی نیپرا نوید الہٰی شیخ نے نکاٹی کے وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ اگر کسی صنعتی صارف کی اپنی پی ایم ٹی یا سب اسٹیشن ہے اور وہ مشنری وغیرہ کی مرمت کے لیے یا کسی اور وجہ سے شٹ ڈاؤن کرتا ہے اور ڈسٹری بیوشن کمپنی ( DISCO) کو تحریری طور پر کم ازکم 3روز قبل شیڈول شٹ ڈاؤن کے بارے میں آگاہ کرتا ہے تو ڈسٹری بیوشن کمپنی ان کی درخواست پر بغیرکسی چارجز کے وہ سب اسٹیشن یا ٹرانسفارمر بند کر دے گی تاہم اس حوالے سے ڈسٹری بیوشن کمپنی سے بات کی جائے گی ۔نیپرا نے عمل درآمد کے لیے شیڈول میں یہ شق شامل کرلی ہے تاکہ کاروباری وصنعتی برادری کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔